وفاقی محکموں کیخلاف درخواست پر بغیر معاوضہ فیصلہ ہوگا، محتسب اعلیٰ کوئٹہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان بھرمیں کسی بھی شہری کو وفاقی محکموں سے کسی قسم کی شکایات ہو تو وفاقی محتسب اعلیٰ سیکرٹری کوئٹہ سے رجوع کریں، دوماہ میں بغیر معاوضے کے کیس کا فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ باتیں گزشتہ روز وفاقی محتسب اعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں غلام سروربروہی رجسٹرار امیر محمد رند نے ورکنگ جرنلسٹ کے صحافیوں سے بات چیت میں کہی۔ انکا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب میں کیس دائر کرنے کا آسان طریقہ کارہے جس میں کسی بھی شہری کو نہ فیس اداکرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی وکیل کرنے کی، بس صرف سادہ کاغذ پر اپنی شکایت درج کرکے مکمل پتہ اور فون نمبر درج کرکے ہمیں بھیج دیں ہم آپکے کیس پر فوری کارروائی شروع کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ اب تک وفاقی محکموں سے ہزاروں شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیاگیاہے اور ہزاروں کیسز پر عمل جاری ہے، کسی بھی قسم کی شکایت کا ازالہ صرف ساٹھ دنوں میں کیاجاتاہے جس پر شہری کا ایک روپے کا خرچہ نہیں ہوتا۔ غلام سروربروہی نے بتایا کہ وفاقی محتسب سے رابطہ کرنا انتہائی آسان ہے اگر کوئی شہری ہمارے دفترتک نہیں پہنچ سکتا وہ اپنی شکایات بذریعہ واٹس ایپ پربھی درج کرواسکتا ہے۔ بلوچستان بھر میں کسی بھی وفاقی ادارے کے بارے میں شکایات کا فوری ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں