خوست واقعے کیخلاف ہرنائی میں دھرنا 11 روز سے جاری، خانوزئی کراس بھی بند
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے ضلع ہرنائی خوست میں 13 اور 14 اگست کو ہونے والی ریاستی ظلم اور نوجوان سیاسی کارکن خالقداد بابر کے قتل اور معصوم بچے سمیت دیگر افراد کو زخمی کرنے اور ضلع ہرنائی میں جاری فورسز کی جانب سے خوف ودہشت اور کوئلے کے کاروبار پر بھتہ گیری کیخلاف جاری احتجاجی تحریک اور خوست دھرنا کمیٹی کی مطالبات کے حق میں خانوزئی کراس کی شاہراہ پر گزشتہ روز احتجاجی دھرنا دیا گیا جو پورا دن جاری رہا اور کوئٹہ،پنجاب،پشاور،اسلام آباد کی شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہا احتجاجی دھرنے سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال، عوامی نیشنل پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری صاحب جان کاکڑ، نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مرکزی جنرل سیکرٹری مزمل شاہ، پختون تحفظ موومنٹ کے صوبائی کوآرڈینیٹر نور باچا، نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صوبائی صدر دھرنا کمیٹی کے رہنماء احمد جان خان، عوامی نیشنل پارٹی ضلع ہرنائی کے صدر دھرنا کمیٹی کے رہنماء ولی داد میانی، تحریک انصاف کے ضلعی صدر صدام ترین، جمعیت علماء اسلام تحصیل شاہرگ کے امیر مولوی حسن شاہ، نیشنل پارٹی کے پشتون ریجن کے جنرل سیکرٹری ندیم میانی، پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری مزمل پانیزئی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اسلام آباد کے استعماری وآمرانہ قوتوں نے پورے پشتونخوا وطن اور پشتون عوام پر ریاستی مظالم مسلط کر کے ہمارے آبی، معدنی وسائل، تیل وگیس، جنگلات اور زمینوں پر قبضہ جمایا ہے، آج اس ریاستی مظالم کیخلاف باجوڑ، سوات، وزیرستان، ضلع ہرنائی میں کوئلے کے کاروبار وتجار ت اور مائننگ پر مسلط ماہانہ کروڑوں روپے کی سر عام بھتہ خوری، بے امنی اور دیگر صورتحال پر جوڈیشل کمیشن بنا کر اس کی رپورٹ پر اقدامات کیے جائیں اور بھتہ گیری ختم کی جائے۔ ضلع ہرنائی میں سول انتظامیہ مکمل طور پر مفلوج اور بے اثر ہوچکی ہے، تمام اخبارات پر ریاستی ادارے سول معاملات میں مداخلت اور کنٹرول ختم کر کے اسے سول انتظامیہ کے حوالے کرے اور خالقداد بابر کو حکومتی سطح پر شہید قرار دیکر لواحقین اور دیگر زخمیوں کے لیے معاوضے کا اعلان کریں۔ مقررین نے کہا کہ برحق مطالبات کی حل تک جمہوری احتجاجی تحریک جاری رہے گا۔ خوست دھرنا اور احتجاجی تحریک کا آج 11واں دن ہے اور اس کو مزید وسعت دینگے جب مطالبات کو تسلیم کر کے احکامات جاری نہیں کیے جاتے اور ضلع ہرنائی پر فورسز کے مظالم، خوف، بھتہ گیری کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، اس وقت تک جمہوری احتجاج جاری رہے گا، احتجاجی دھرنے میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری محبت کاکا، پشتون تحفظ موومنٹ کے ملک مجید کاکڑ، نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صوبائی ترجمان انجینئر ایمل خان ناصر سمیت مختلف رہنماؤں نے شرکت کی۔


