شہید نواب اکبر بگٹی کی لازوال جدوجہد کو ہر ایک قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان علی احمد لانگو نے جاری بیان میں شہید نواب اکبر بگٹی کی برسی کے موقع پر ان کی قومی جدوجہد پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا استعمال ہمیشہ نفرت و بگاڑ کا باعث بنتا ہے۔قوموں کو طاقت کے بل بوتے پر زیر کرنے کے منفی پالیسی نے بنگلا دیش کو وجود دیا۔ 26 اگست بھی طاقت و آمریت کے غرور کی یاد تازہ کرتا ہے جب 80 سالہ بزرگ سیاسی و قبائلی شخصیت کو شہید کیا گیا۔ آج نواب اکبر بگٹی کی لازوال قومی جدوجہد کو ہر ایک قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو طاقت کا استعمال کرنے والوں کے لیے سبق آموز ہونا چاہیے۔ لیکن بدقسمتی سے ملک کے طاقتور حکمران پر منفی طاقت کا جنون سوار ہے۔ اس لیے گزشتہ روز مستونگ میں ماہر تعلیم کے گھر چادر و چار دیواری کی پامالی و فائرنگ اور زخمیوں و دیگر افراد کو لاپتہ کرنا سنگین و بدترین اقدام ہے جو مکمل پر قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہمیشہ بلوچستان میں متعصب و ناروا پالیسیوں پر عمل پیرا رہے ہیں۔ بلوچستان کے قومی وسائل کو غصب کرنے اور قومی وجود سے انکار کی منفی روش کو جاری رکھا۔ بلوچستان میں سیاسی کارکنوں کو ماورائے آئین و قانون گرفتار کرنا اور ان کی تشدد شدہ لاشیں پھینکنے کے عمل نے بلوچستان کو آگ میں دھکیل دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ 26 اگست حکمرانوں کو باور کرانے میں اہم ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ طاقت نہیں بلکہ سیاسی حل طلب ہے اور مذاکرات ہی واحد حل ہیں جس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔


