وزیراعظم کا سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان

سکھر، سبی (انتخاب نیوز) وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمدشہبازشریف نے سندھ میں سیلاب متاثرین کے لئے 15 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مستحق گھرانوں تک شفاف طریقے سے امداد پہنچائیں گے۔سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بارشوں اور سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی ہے، اس سیلاب نے 2010ء کے سیلاب کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، اور اس سے ہونے والی ایسی تباہی پہلے نہیں دیکھی اب تک بچوں اور خواتین سمیت 900 سے زائد لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں اور لاکھوں لوگ گھروں سے باہر ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال ہے، بارشوں اور سیلاب سے فصلیں تباہ، مکانات مہندم، لوگ بے گھر، مواصلاتی نظام درہم برہم ہے، اور لائیو اسٹاک کو بدترین نقصان پہنچاہے۔میاں محمدشہبازشریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبوں کیساتھ مل کرکام کررہی ہے، وزیرخزانہ نے متاثرین کیلئے 28 ارب روپے جاری کیے ہیں، پہلے مرحلے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو امداد دی جارہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں تو ہر طرف پانی ہی پانی ہے، یہاں 40 سال میں اتنی بارشیں نہیں ہوئیں جو اب ہوئی ہیں، ایسا لگتا ہے ہر طرف دریائے سندھ پھیلا ہوا ہے، تاہم سندھ حکومت کیانتظامات تسلی بخش اورشاندارہیں، سندھ حکومت احسن طریقے سے دن رات محنت کررہی ہے۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمدشہبازشریف نے کہا کہ سندھ میں 25 ہزار فی گھرانہ بی آئی ایس پی کے تحت دیا جارہا ہے، مستحق گھرانوں تک شفاف طریقے سے امداد پہنچائیں گے، سندھ کے لئے 15 ارب روپیکی گرانٹ کااعلان کرتا ہوں، سندھ حکومت گرانٹ کو سیلاب متاثرین کی بحالی میں استعمال کرے گی، خرم دستگیر کو بجلی کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف بھی سارے معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، اتحادی حکومت مل کراس چیلنج سے نمٹیں گی، یہ سیاست کا وقت نہیں، معاشی صورتِ حال ساری قوم کے سامنے ہے، کاروباری، تاجر اور مخیر حضرات آگے بڑھ کرسیلاب متاثرین کی مدد کری۔

اپنا تبصرہ بھیجیں