حب ضلع کا نوٹیفیکیشن، بلدیاتی انتخابات کا شیڈول سانحہ سے کم نہیں، جام کمال

اوتھل (انتخاب نیوز) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کہا ہے کہ گورنر بلوچستان کی جانب سے حب ضلع کا نوٹیفیکیشن جاری کرنا الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنا یہ اعلانات کسی سانحہ سے کم نہیں۔ لسبیلہ بلکہ بلوچستان چالیس پچاس دنوں سے تاریخ کی قیامت خیز بارشوں اور سیلاب کی زد میں ہے انسانی زندگی معمول پر نہیں ہر آنکھ اشکبار و نم ہے۔ہزارون لوگ بارش اور سیلاب کے باعث کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کوئٹہ ،ژوب، نصیر آباد،قلات ،زیارت مستونگ،بولان اور لسبیلہ سمیت پورا بلوچستان تاریخ کے ہولناک سیلابی صورتحال سے دو چار ہے۔جمعرات کو اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں سابق وزیر اعلیٰ بلو چستان جام کمال خان نے افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز گورنر بلوچستان جان محمد جمالی نے لسبیلہ میں دوسرا ضلع حب کو بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے الیکشن کمیشن نے بلدیاتی شیڈول جاری کیا ہے ان حالات حب کو ضلع بنانا کسی سانحہ سے کم نہیں ہے اس کے علاوہ نئے ضلع کے قیام کا کیس ہائی کورٹ میں جمع ہے صرف سیاسی بنیادوں پر حب کو نیا ضلع بنایا جارہا ہے تاکہ نیا ضلع کے ڈی سی، اے سی و دیگر افسران کو اپنی مرضی کے مطابق چلا سکیں آپ ان کی حقیقت کو بخوبی سمجھے ہوں گے۔ دو ماہ ہونے کو ہیں لیکن ابھی تک حب کے رکن صوبائی اسمبلی جو سینیئر منسٹر اور وزیر بلدیات بھی ہیں۔ اور لسبیلہ سے رکن قومی اسمبلی بارش اور سیلاب سے بے حد متاثر علاقے بیلہ ،اوتھل، لاکھڑا کا دورہ نہ کرسکے کتنے افسوس کی بات ہے کہ اپنے حلقہ انتخاب میں بھی اس مشکل گھڑی میں نہیں آئے جب ہزاروں لوگ بے یارو مددگار ان برادران کی جانب امید، حسرت و یاس سے دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے تین چار ماہ پہلے احتجاج کیا تھا اور کورٹ سے بھی رجوع بھی کیا تھا دعویٰ کیا جاتا ہے کہ نیا ضلع بننے سے حالات بہتر ہونگے انہوں نے گورنر بلوچستان جان جمالی سے اپیل کی کہ نوٹیفکیشن کو روکا جائے ہم نے پہلے بھی احتجاج کیا تھا اور ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی اسکے باوجود نئے ضلع حب کا نوٹیفکیشن جاری کرنا سراسر غلط اقدام ہے اور بیلہ، اوتھل وندر کے لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ حکومت، گورنر اور ارباب بست و کشاد اگر عوام کی نہیں سنیں گے تو عوام کے پاس ایک ہی راستہ رہ جاتا ہے وہ اپنا کر احتجاج ریکارڈ کرائے گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں