مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں، پاکستان فلور ملز یونین

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن عبدالواحد بڑیچ نے کہا ہے کہ کوئی بھی فلور مل مالک 6ہزار روپے میں 50 کلو آٹے کا تھیلا فروخت نہیں کر رہا اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر دی جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن روز اول سے ہی صوبے میں حکومت اور محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کوٹہ کی خریداری میں سست روی اور آٹا و گندم بحران پیدا ہونے کے خدشات کا اظہار کرتی چلی آئی ہے موجودہ صورتحال کی ذمہ داری فلور ملز پر عائد کرنا کسی طور بھی درست نہیں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض عناصر یہ بے بنیاد خبریں پھیلا رہے ہیں کہ اس وقت شاید فلور ملز مالکان 50 کلو آٹا 6ہزار روپے میں فروخت کر رہے ہیں جو درست نہیں ہم اس طرح کی من گھڑت خبروں اور پروپیگنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے واضح کرتے ہیں کہ ایسا کچھ بھی نہیں فلور ملز کی جانب سے عوام کو اب بھی رعایتی نرخوں پر آٹا دینے کےلئے اقدامات جاری ہیں انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے ملک بھر میں زراعت کے شعبے کو سخت نقصان پہنچایا ہے بلکہ سندھ اور پنجاب میں سرکاری گوداموں میں پڑے گندم کی خبریں بھی آئے روز میڈیا کی زینت بن رہی ہے اس وقت راستے بند ہونے کی وجہ سے گندم کی رسد اور طلب میں واضح فرق آ چکا ہے اس خدشے کا اظہار ہم پہلے بھی کر چکے تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا نمائندوں کو چاہیے کہ وہ کوئی بھی خبر نشر کرنے سے قبل اس کی تصدیق کر لیا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں