مستونگ ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں تبدیل
کوئٹہ (انتخاب نیوز) چیف آف سراوان نواب محمداسلم خان رئیسانی کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں سے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال کو وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں تبدیل کردیا گیا، قبل ازیں مستونگ میں وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال نہ ہونے کی وجہ سے مستونگ اور دور دراز کے علاقوں کے زچہ و بچہ کے مریضوں کو سخت مشکلات درپیش تھے اور مریضوں کو کوئٹہ منتقل کیا جاتا رہا ہے جس میں اکثر اوقات ایمرجنسی کے مریض راستے میں ہی دم توڑتے رہے ہیں، نواب محمداسلم خان رئیسانی نے عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کو وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں تبدیل کرنے کی کاوش انتہائی خوش آئند ہے اور عوامی حلقوں نے اس اقدام کو سراہاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہسپتال میں تمام سہولیات اور لیڈی سرجنز و ڈاکٹرز تعینات کرکے عوامی مشکلات کو دور کرینگے،چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی کوششوں سے مستونگ و دیگر قریبی اضلاع کے عوام کیلئے نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال کا قیام عمل میں لایا اور ہسپتال پورے صوبے کا واحد بہترین ہسپتال ہے جہاں پر مختلف شعبہ جات قائم کرکے غریب مریضوں کیلئے سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ہسپتال میں مزید شعبہ جات قائم کرنے کیلئے نواب صاحب کی کاوشوں سے کروڑوں کی خطیر رقم سے مزید کام جاری ہے جس کی تکمیل سے ہسپتال میں عوام کو مزید اہم سہولیات میسر ہوگی اور مریضوں کو کوئٹہ و دیگر شہروں کی جانب جانا نہیں پڑیگا۔


