سٹی نالے آپریشن میں ہلاک افراد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، ڈی آئی جی کوئٹہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس کوئٹہ غلام اظفر مہسر نے کہاہے کہ پولیس اور سی ٹی ڈی نے سٹی نالے میں مشترکہ آپریشن کیا، پولیس پر فائرنگ کے جواب میں 8منشیات فروش ہلاک ہوئے ہیں، مذکورہ افراد 6مختلف تھانوں کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے،سی ٹی ڈی اور پولیس کی جانب سے آئندہ بھی منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گے آپریشن کے دوران سٹی نالے میں منشیات فروشوں و منشیات کے عادی افراد کے اڈے بھی مسمار کیے گئے ہیں کئی بار منشیات فروشوں و عادی افراد کو سٹی نالہ کو جگہ خالی کرانے کا کہا گیا تھا اگر کوئی پولیس پر فائرنگ کرتاہے تو وہ جان سے جاتاہے تو ہمیں کوئی پروا نہیں ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈی آئی جی کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ اعتزاز احمد گورایا ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہسر نے کہاکہ بدھ کی صبح سویرے کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ اور کوئٹہ پولیس کی جانب سے سٹی نالے میں مشترکہ آپریشن کیاگیا آپریشن کامقصد شہر کو منشیات کی لعنت سے پاک کرناہے،انہوں نے کہاکہ بدھ کی صبح سٹی نالے میں ہونے والے آپریشن کے دوران فائرنگ سے 8منشیات فروش ہلاک ہوئے ہیں مذکورہ منشیات فروش پولیس کو قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے،آپریشن کے دوران پولیس کی جانب سے جدید اسلحہ بھی برآمدکرلیاگیاہے بلکہ بڑی مقدار میں منشیات قبضے میں لے لی گئی ہے،سی ٹی ڈی اور پولیس کی جانب سے آئندہ بھی منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گے آپریشن کے دوران سٹی نالے میں منشیات فروشوں و منشیات کے عادی افراد کے اڈے بھی مسمار کیے گئے ہیں،انہوں نے کہاکہ سٹی نالے میں پولیس کی چوکیاں بنائیں جائیں گے تاکہ 24 گھنٹے پولیس وہاں موجود رہیں،پولیس کسی کو شوق سے نہیں مارتی آپریشن کے دوران دوطرفہ فائرنگ کے بعد 8منشیات فروش جاں بحق ہوئے ہیں،کئی بار منشیات فروشوں و عادی افراد کو سٹی نالہ کو جگہ خالی کرانے کا کہا گیا تھا اگر کوئی پولیس پر فائرنگ کرتاہے تو وہ جان سے جاتاہے تو ہمیں کوئی پروا نہیں ہے،اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعترازا حمد گورایا نے کہاکہ پولیس کی جانب سے منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات شروع کردی گئی منشیات کے جڑ میں جو لوگ ہے ہمیں ان تک پہنچیں گے منشیات کے پیسے اکثر تخریب کاری میں استعمال ہوتی ہے،آپریشن میں ہلاک ہونے والوں میں آصف خان،سیف اللہ،جنید،نادر،عنایت،عزت اللہ، عبید اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں یہ افراد پولیس کو مختلف مقدمات سٹی تھانہ،سول لائن،بجلی روڈ، قائد آباد، گوالمنڈی،خروٹ آباد اور زرغون پولیس تھانوں کو مطلوب تھے۔بعدازاں ڈی آئی جی کوئٹہ نے سٹی نالے کا دورہ کیا اس موقع پران کے ہمراہ ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی،ایس ایس پی انویسٹی گیشن اسد اللہ ناصر ودیگر بھی تھے۔


