تربت دوران آپریشن خاتون کے پیٹ میں سرجیکل گاز رہنے کا انکشاف‘ کراچی میں نکال لیا گیا

تربت (نمائندہ انتخاب) سرکاری ہسپتال میں جوسک سے تعلق رکھنے والی خاتون کی 6ماہ قبل ڈلیوری آپریشن کے دوران مبینہ غفلت سے پیٹ میں سرجیکل گاز رکھنے کا مسئلہ،کراچی میں آپریشن کے ذریعے سرجیکل گازبرآمد، عوامی حلقوں کا نوٹس لینے کی اپیل، ذرائع کے مطابق 6ماہ قبل جوسک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی ڈلیوری کے سلسلے میں تربت کے سرکاری ہسپتال میں آپریشن کیاگیا، آپریشن کے بعد خاتون کی طبیعت سنبھل نہ پائی اور اس نے پیٹ میں مسلسل درد کی شکایت کی جسے گزشتہ دنوں علاج کیلئے کراچی کے نجی ہسپتال لے جایاگیا جہاں دوران آپریشن خاتون کے پیٹ سے ڈاکٹروں نے سرجیکل گاز برآمد کرلی جومبینہ طورپر ڈلیوری آپریشن کے دوران ان کے پیٹ میں رہ گئی تھی، بتایاجاتاہے کہ مذکورہ خاتون کی فیملی انتہائی غریب خاندان ہے، جوسک کے نومنتخب کونسلر سراج شیرجوسکی سمیت عوامی وسماجی حلقوں نے اس مبینہ غفلت اور غیرذمہ داری کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹروں اورہسپتال عملہ کی غفلت کے باعث مذکورہ خاتون کی جان بھی جاسکتی تھی، اس غریب خاندان کو مسلسل 6مہینوں سے شدید ذہنی اذیت اور خاتون کو درد سہنا پڑا اور اس دوران انہیں بھاری اخراجات کابھی سامنا رہا، عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے معاملہ کی انکوائری اور غریب خاندان کو مالی سپورٹ کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں