منچھر جھیل پر مزید تین کٹ لگادیے گئے، پانی کی سطح میں معمولی کمی

دادو (انتخاب نیوز) منچھر جھیل کے پانی کو دریائے سندھ میں چھوڑنے کیلئے لاڑکانہ سیہون بچا بند پر تین کٹ لگا دیے گئے، میہڑ رنگ بند پر پانی کی سطح میں معمولی کمی آگئی ہے۔دریائے سندھ میں پانی کی سطح کم ہونے پر ایل ایس بند کو کٹ لگائے گئے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جامشورو اور دیگر موجود تھے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق کٹ لگنے کے بعد قمبر شہداد کوٹ کی تحصیل وارہ،سجاول اور دادو کی تحصیلیں خیرپور ناتھن شاہ، میہڑ اور جوہی میں پانی کی سطح کم ہو جائے گی۔آبپاشی حکام کے مطابق کٹ لگنے سے تین چار روز میں شہداد کوٹ اور دادو کے علاقوں میں موجود پانی بذریعہ منچھر جھیل دریائے سندھ میں چلا جائے گا۔بھان سعید آباد کے انڈس لنک کینال کے بند پر پانی کے شدید دبا ﺅکے باعث دو شگاف پڑگئے، جس سے 29 دیہات زیر آب آ گئے۔بھان سعید آباد میں خوف کے عالم میں لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ میہڑ رنگ بند پر پانی کی سطح میں دو انچ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب دادو شہر کو سیلاب سے بچانے کیلئے رنگ بند کی اونچائی کا کام جاری ہے، جوہی کے رنگ بند کو 12 فٹ اونچا کر دیا گیا ۔دوسری جانب کویتی ہلال احمرکی جانب سے جوہی میں سیلاب کی صورتحال اور تباہ کاریوں کا جائزہ لیا گیا اور متاثرین سیلاب میں ضروری امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔مٹیاری میں بارش اور سیلاب کے متاثرین نے امداد نہ ملنے پر احتجاج کیا ، شکارپور میں سول سو سائٹی نے امداداور جمع پانی نکالنے کیلئے گھنٹہ گھر چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔سیہون کے مقام پر دریائے سندھ کی سطح میں معمولی کمی کے بعد منچھر کے پانی کو دریائے سندھ میں لے جانے والی دانستر واہ کے گیٹ کھول دیے گئے جبکہ منچھر جھیل میں پانی کی سطح بھی کم ہوئی ہے۔ایکسین محکمہ آبپاشی سیہون مہیش کمار نے بتایا کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں معمولی کمی ہوئی ہے جس کے بعد نہر کے گیٹ کھولے گئے ہیں لیکن ابھی منچھر جھیل سے دریا میں پانی کا اخراج بہت کم ہے۔مہیش کمار کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوںمیں دریا کی سطح میں کمی کا امکان ہے جس کے بعد جھیل سے پانی کا اخراج تیز ہو جائے گا۔میہش کمار کے مطابق منچھر جھیل میں پانی کی سطح 123 اشاریہ 3 سے کم ہو کر 122 اشاریہ 2 ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں