صوبے کے بچوں کے مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، سردار یار محمدرند


شوران :۔صوبائی وزیر تعلیم و پارلیمانی سربراہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان اسمبلی سردار یار محمد رند نے ڈائریکٹر اسکولز بلوچستان محمد جان رضا کے ہمراہ شوران میں مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا تعلیمی اداروں میں جاری ترقیاتی کاموں مرمت و اپگریڈیشن کے حوالے سے بریفننگ لی گئی۔ صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے ڈائریکٹر سکولز محمد جان رضا کو شوران میں نئے اسکولز کی تعمیر اور اعلی معیار تعلیم کے فروغ کیلیے اپنے وژن اور محکمہ تعلیم کے مشن کے حوالے سے متعلق لائحہ عمل کے نفاذ کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔ سردار رند نے کہا کہ صوبے کے بچوں کے مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ بلوچستان کو بہترین تعلیمی ادارے بناکر دیں گے اور بلوچستان کی آنے والی نسلوں کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر یوسفزئی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بروقت بندش سے صوبے کو بڑی تباہی سے بچالیا۔ اگر تعلیمی ادارے بند نہ ہوتے تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ سردار رند نے کہا کہ صوبے کے بچوں کی پڑھائی میں حرج کا بخوبی احساس ہے جس پر قابو پایا جائے گا۔ تاہم عالمی وباء کرونا وائرس کے قابو ہوتے ہی تعلیمی اداروں کے کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت میرا گھر میری سکول پروگرام کے ذریعے حتی الوسع خدمات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے ذمہ داران سے رابطے میں ہیں آئندہ کے کسی بھی لائحہ عمل کے حوالے سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ عوام لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی سے گریز اور شدید ضرورت کے تحت ہی گھروں سے نکلیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمارا وژن ہے کہ بلوچستان میں جدید سہولیات سے آراستہ تعلیمی ادارے بنائے جائیں اس سلسلے میں لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے۔ بہت جلد اس منصوبے پر کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان اور محکمہ مواصلات و تعمیرات سے بات چیت کے بعد صوبے کی تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت پر عائد حکومتی محصولات کے شرح میں کمی کی کوشش کررہے ہیں تاکہ معیاری اداروں کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔