پنجاب بلوچستان کو 64 ہزار 500 میٹرک ٹن گندم فراہم کریگا، چودھری پرویزالٰہی

لاہور، کوئٹہ(انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ بلوچستان چھوٹا بھائی ہے او رپنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے چھوٹے بھائی کے ساتھ کھڑا ہے اگرچہ پنجاب میں گندم کی قلت ہے تاہم ہم جذبہ ایثار کے تحت بلوچستان کے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے پنجاب حکومت سیلاب و بارشوں سے شدید متاثر بلوچستان کو 64ہزار 500میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر خوراک پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک، صوبائی مشیر عامر سعید راں اور سیکرٹری خوراک پنجاب بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بلوچستان کے بہن بھائیوں کیلئے مکمل یکجہتی کااظہارکیا اوربلوچستان میں بارشوں و سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر دلی دکھ او رافسوس کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ بلوچستان میں گندم کی شدید قلت پربہت تشویش ہے بلوچستان چھوٹا بھائی ہے او رپنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے چھوٹے بھائی کے ساتھ کھڑا ہے اگرچہ پنجاب میں گندم کی قلت ہے تاہم ہم جذبہ ایثار کے تحت بلوچستان کے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پنجاب حکومت سیلاب و بارشوں سے شدید متاثر بلوچستان کو 64ہزار 500میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گا۔بلوچستان کو گندم کاسٹ ریٹ پر فراہم کی جائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ ہم اپنا پیٹ کاٹ کراپنے بھائی کا بوجھ بٹائیں گے۔پنجاب میں گندم کی کمی کے باوجودہم بھائی چارے اور جذبہ خیر سگالی کے تحت بلوچستا ن کیلئے گندم مہیا کررہے ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی غذائی ضروریات پورا کرنے میں معاونت کرے گی۔ وزیر خوراک بلوچستان زمرک خان اچکزئی نے کہاکہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے حقیقی معنوں میں بڑے بھائی کاحق ادا کیاہے بلوچ بہن بھائی وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے جذبہ ایثار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں آپ نے مشکل وقت میں بلوچستان میں بسنے والے لوگوں کا ساتھ دیاہے آپ کا یہ اقدام صوبائی ہم آہنگی کے فروغ میں ممد ومعاون ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں