لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا آٹھواں اجلاس، لواحقین کی جانب سے گزارشات پیش
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا آٹھواں اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ، وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری، وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری اور سینیٹر کامران مرتضیٰ شریک ہوئے۔ آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی بلوچستان، ڈی آئی جی سندھ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اینکر پرسن نسیم زہرہ نے آج کے اجلاس میں خصوصی دعوت پر شرکت کی اور جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے معاملے پر اظہار خیال کیا۔ لاپتہ صحافی مدثر محمود نارو کے والدین آج کے اجلاس میں شریک ہوئے اور بیٹے کی گمشدگی کے حوالے سے کمیٹی کے سامنے گزارشات پیش کیں۔ پروفیسر منظور بلوچ، سمی دین بلوچ ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ اور لاپتہ ڈاکٹر دین محمد بلوچ کی بیٹی نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ سمی دین بلوچ، منظور صاحب کو دعوت دینے پر انہوں نے میٹنگ میں جبری طور پر گمشدہ افراد کے لواحقین کی نمائندگی کی، جس میں جبری گمشدگیوں اور جعلی انکاو¿نٹر کی روک تھام اور گمشدہ افراد کی بازیابی کو تین مہینے کے اندر یقینی بنانے کی یقین دہانی کی گئی ہے۔


