بیلہ میں فاریسٹ آفیسر اور ٹمبر مافیا کی ملی بھگت سے درختوں کی بے دریغ کٹائی

بیلہ (انتخاب نیوز) محکمہ جنگلات کے افسران کی ملی بھگت سے قیمتی درختوں کی کٹائی کا سلسلہ بدستور جاری، ڈسڑکٹ فاریسٹ آفیسر گرین اینڈ کلین پاکستان پروگرام کے منافی سرگرمیوں میں مصروف عمل، جنگلات تباہ ہوگئے، ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھنے لگی۔ محکمہ جنگلات لسبیلہ کے ڈسڑکٹ فاریسٹ آفیسر کی ٹمبر مافیا سے مبینہ ملی بھگت سے قیمتی درختوں کی بے دریخ کٹائی کا سلسلہ عروج پر ہے۔ باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈی ایف او لسبیلہ درختوں کی کٹائی اور لکڑیوں کے فی لاڈ ٹرک 20 ہزار روپے سے 25 ہزار روپے مبینہ نذرانہ وصول کرتا ہے، روزانہ درجن سے زائد ٹرکوں کے ذریعے کراچی اور اندرون سندھ لسبیلہ سے قیمتی لکڑیاں غیر قانونی طور پر سپلائی کی جارہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے عوامی پریس کلب بیلہ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ایک طرف ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مراد خان کانسی اور اسسٹنٹ کمشنر بیلا کیپٹن (ر) حمزہ انجم گرین اینڈ کلین پاکستان پروگرام کے تحت شجر کاری مہم کے تحت ماحول دوست اقدامات کررہے ہیں اور دوسری طرف ڈسڑکٹ فاریسٹ آفیسر لسبیلہ نہ صرف ضلعی انتظامیہ کے مثبت اقدامات پر پانی پھیر رہے ہیں بلکہ درختوں کی بے دریخ اور ماحولیاتی آلودگی بڑھانے کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے ڈی ایف او لسبیلہ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور عندیہ دیا ہے کہ اگر کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو عوام احتجاج کی راہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں