شہریوں کو لاپتہ کرنے سے عالمی سطح پر ملک بدنام ہورہا ہے، رانا ثنا اللہ

کراچی:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو لاپتہ کرنا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے،موجودہ حکومت کی کوشش ہے مسئلہ جلد حل ہو اس سے بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی ہورہی ہے،سوات میں دوبارہ دہشتگردی کی باتیں افواہ ہیں ہمارے سیکورٹی ادارے الرٹ ہیں،مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کا عمران خان کو ہی پتہ ہوگا ہمت کریں اور نام بتا دیں جبکہ ایم کیو ایم کے کونیئرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے رانا ثنااللہ کو لاپتہ افراد کی فہرست پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایسی بدنصیب ریاست میں رہتے ہیں جہاں لوگوں کو لاپتہ کرنا جرم تصور نہیں کیا جاتا،لاپتہ افراد کے معاملے پر ہر قانون سازی کرنے کو تیار ہیں، ہمارے احتجاج کو دہشت گردی کہنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔منگل کو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سردار ایاز صادق کے ہمراہ متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پہنچے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایم کیو ایم رہنماں سے ملاقات کی ایم کیو ایم رہنماؤں نے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کرادی، جنہوں نے اپنے پیاروں سے متعلق آگاہ کیا۔ملاقات کے دوارن ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان کی لاشیں ملنے کے واقعات پر گفتگو ہوئی،اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ لاپتا افراد کی واپسی اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، مسنگ پرسنز کا مسئلہ اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم کو یقین دلایا ہے کہ ہم لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کوئی کسر اٹھا باقی نہیں رکھیں گے، اس معاملے سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں