عمران خان گندے پیسے کی بنیاد پر قوم میں انتشار پھیلا رہے ہیں، رانا مشہود

لاہور (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کا گیم پلان تیار ہے اور اس کا سب کو پتا ہے۔ عمران خان گندے پیسے کی بنیاد پر قوم میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی پر بھارتی کمپنی کو فنڈنگ دینے کے الزام میں شہباز گل کو لیگل نوٹس بھجوا دیا، پیچھا کریں گے۔سی سی پی او کی مدت ملازمت میں صرف 4 ماہ رہ گئے ہیں، سی سی پی او جاتے ہوئے اپنی عزت کا بھی خیال نہیں کررہے۔ مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ ماڈل ٹاﺅن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ عمران خان کی 21 سال کی جدوجہد میں قوم کو کیا ملا؟ عمران خان نے امریکی فرموں سے اپنے لیے لابنگ کروائی، وہ اپنے جھوٹ کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ رانا مشہود نے کہا کہ عمران خان کا جھوٹ بولنے کے سوا کوئی دوسرا کام ہی نہیں ہے۔ عمران خان کی پھیلائی تباہی سے ملک نہیں سنبھل سکتا، یہ لوگوں کو غداری کے سرٹیفکیٹس بانٹتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کی، توشہ خانے میں چوری کی، عمران خان گندے پیسے کی بنیاد پر قوم میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ہمارے وکلا نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر بھارتی کمپنی کو فنڈنگ دینے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنماشہباز گل کو لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے، ان کا پیچھا کریں گے، شہباز گل 14 دنوں کے اندر جواب دیں، انہیں بھاگنے نہیں دیں گے، ہم ان کا ہر جھوٹ ان کے منہ پر ماریں گے اور ان کو عدالتوں میں لایا جائے گا۔مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں نے کہا کہ جھوٹ کی بنیاد پر بیانیہ بنانے والے بھی 62، 63کی زد میں آتے ہیں، شہباز گل میں ذرا سی بھی شرم ہے تو ہمارے قانونی نوٹس کا جواب قوم کے سامنے رکھیں۔ ہم نے توشہ خانہ، فارن فنڈنگ کے ثبوت سامنے رکھے ہیں۔پنجاب میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر رانا مشہود کا کہنا تھا کہ گیم پلان تیار ہے اور اس کا سب کو پتا ہے، کیا وجہ ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس چلتا ہی جا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا سی سی پی او کی مدت ملازمت میں صرف 4 ماہ رہ گئے ہیں، سی سی پی او جاتے ہوئے اپنی عزت کا بھی خیال نہیں کر رہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے بھی کہا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کو گرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ لندن میں وزیراعظم شہباز شریف کی پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات میں بھی پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے لیے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں