خاتون جج کو دھمکی، عمران خان نے عدالت سے معافی مانگ لی، فرد جرم سے محفوظ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) عمران خان نے خاتون جج کو دھمکی دینے پر عدالت سے معافی مانگ لی جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے فردِ جرم عائد نہیں کی۔ دوران سماعت عمران خان نے خاتون جج سے ذاتی حیثیت میں معافی مانگنے کی استدعا بھی کردی اور کہا کہ اگرعدالت سمجھتی ہے کہ میں نے حدود پارکی تو میں خاتون جج سے جا کر معافی مانگنے کو تیار ہوں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ کبھی بھی عدلیہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی نیت نہیں تھی، یقین دلاتا ہوں آئندہ کبھی بھی ایسا عمل نہیں ہوگا۔ اس موقع پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ کا بیان ریکارڈ کرتے ہیں، فرد جرم عائد نہیں کر رہے، آپ نے اپنے بیان کی سنگینی کو سمجھا، آپ کی عدالت ہے، ہم آپ کے عدالت میں بیان کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو حلف نامہ جمع کرانے کیلئے 29 ستمبر تک کی مہلت دی اور کیس کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ سماعت کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، شاہ محمود قریشی، شبلی فراز اور عمران خان کے وکیل حامد خان اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے تھے جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔


