اسرائیل میں برطانوی سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی پر غور

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کی نئی وزیر اعظم لز ٹرس نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اسرائیل میں برطانوی سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی پر غور کر رہی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم یائر لیپیڈ نے اس بات پر اپنی برطانوی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کی ترجمان نے بتایا کہ لز ٹرس نے اسرائیل میں برطانوی سفارت خانے کی تل ابیب سے ممکنہ یروشلم منتقلی کا ذکر نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسرائیلی ہم منصب یائر لیپیڈ کے ساتھ ہونے والی ایک ملاقات میں کیا۔ اس ملاقات کے بعد اسرائیلی سربراہ حکومت نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ وہ نئی برطانوی وزیر اعظم کی طرف سے اس بارے میں غور و فکر کیے جانے پر ان کے شکر گزار ہیں۔ یائر لیپیڈ نے ٹرس کو ‘اسرائیل کی ایک حقیقی دوست قرار دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا، ”ہم مل کر برطانیہ اور اسرائیل کے دو اتحادی ممالک کے طور پر تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔“ اسرائیل میں دیگر ممالک کے سفارت خانوں کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی اس لیے بہت متنازعہ معاملہ ہے کہ یروشلم شہر کی حتمی حیثیت ابھی طے نہیں ہوئی۔ اسرائیل متحدہ یروشلم کے اپنا دارالحکومت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے حالانکہ یروشلم کا مشرقی حصہ اس نے 1967ءکی عرب اسرائیل جنگ کے دوران اپنے قبضے میں لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں