لاپتہ افراد کے لواحقین کمیشن کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، دس سال کی رپورٹ جمع کرائیں، ذیلی کمیٹی کی ہدایت

اسلام آباد (انتخاب نیوز) جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو آگاہ کیا ہے کہ تمام متاثرین کمیشن کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ ،وفاقی وزیر شازیہ مری، جسٹس ریٹائرڈ فضل الرحمان اور جسٹس ریٹائرڈ ضیاءپرویز شریک ہوئے۔اجلاس میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور لاپتہ افراد بارے قائم کمیشن کے ممبران شریک ہوئے اور رپورٹ پیش کی۔کمیٹی نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو آگاہ کیا کہ تمام متاثرین کمیشن کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں،۔کمیٹی نے لاپتہ افراد بارے قائم کمیشن سے گزشتہ دس سالوں کی تحریری رپورٹ جمع کرانے کا کہا۔ خواتین کو جنسی ہراسگی کا سامنا کرنے کے بارے میں سوال پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے الزامات کی تردید کی،جنسی ہراسگی کے الزامات بارے کاروائی آگے بڑھنے پر ان کیمرہ اجلاس بھی بلایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں