گزشتہ رات پاکستان پہنچا، ڈالر میں 10 روپے کا فرق پڑ گیا، اسحاق ڈار
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ رات وطن واپس پہنچا ہوں اور ڈالر تقریباً دس روپے کم ہوا ہے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا اور ان سے سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے حلف لیا۔ اپوزیشن کے شور شرابے میں اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ بعد ازاں پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہمارے مسائل میں شامل روپے کی قدر مصنوعی طور پر گرنا ہے، مہنگائی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر بڑھتی قیمتیں بھی مسائل میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات پاکستان پہنچا، ڈالر میں 10 روپے کا فرق پڑ گیا ہے، 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں پاکستان کے قرضے 1350 ارب کم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ 1999ءمیں ڈالر کے فکس ریٹ کو مارکیٹ بیس کیا تھا، ہنڈی والے پاکستانی روپے کو یرغمال نہیں بنا سکتے، نہ ماضی میں پاکستانی روپے کو یرغمال بننے دیا نہ آئندہ بننے دیں گے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پچھلے بل میں مزید تبدیلی ہونی چاہیے۔


