فرسودہ روایات کو توڑ کر برابری کا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا، بلوچ وومن فورم

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں لڑکیوں کے مسائل کے پیش نظر انٹرنیشنل گرلز ڈے کی مناسبت سے سیمینار منعقد کیا جائے گا۔ بلوچ وومن فورم کی ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں 11 اکتوبر کوانٹرنیشنل ڈے آف گرلز منایا جاتا ہے تاکہ لڑکیوں کے حقوق، ان کے بنیادی مسائل اور صنفی مساوات پر آگاہی دی جاسکے۔ دنیا بھر کی طرح بلوچستان میں بھی اس دن کو منانے کی ضرورت ہے تاکہ لڑکیاں اپنے بنیادی انسانی حقوق سے آگاہ ہوں تاکہ بلوچ سماج میں انسانی حقوق کے لئے آواز بلند کرسکیں۔ ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں لڑکیاں بے پناہ سماجی مسائل کا سامنا کررہی ہیں، جن میں انکی تعلیمی اور طبی سہولیات سے محرومی کے علاوہ کم عمری اور زبردستی کی شادی، جسمانی و ذہنی ہراسگی، ریاستی جبر، تشدد اور عصمت دری کے واقعات شامل ہیں۔ اسی مناسبت سے بلوچ وومن فورم 11 اکتوبر کو سیمینار منعقد کرےگی جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین بلوچستان کی لڑکیوں کے مسائل پر بات کریں گی۔ لڑکیوں میں آگاہی مہم کے لیے حکومت کو مختلف تعلیمی اداروں میں اس دن کو سرکاری سطح پر منانا چاہیے تاکہ لڑکیاں فرسودہ روایات کی زنجیروں کو توڑ کر ایک برابری کا سماج تشکیل دے سکیں۔ ترجمان نے کہا کہ بلوچ خواتین معاشرے کا اہم ستون ہیں، جو بلوچ سماج اور بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں مگر ہمارے معاشرے میں مذہب اور روایات کے نام پر عورت کو غیرت کے نام سے کوڈ کرکے ان کے راستے محدود کردیتے ہیں۔ حکومت کو بنیادی سطح پر صنفی مساوات سمیت لڑکیوں کے تمام مسائل پر سنجیدگی سے پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے تاکہ بلوچ سماج میں عورتوں کے لئے زیادہ مواقع پیدا ہوسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں