پی ٹی آئی کے رکن حامد زمان 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

لاہور (انتخاب نیوز) فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن حامد زمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ پی ٹی آئی کے بانی رکن حامد زمان کو ایف آئی اے نے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کی عدالت میں پیش کیا اور 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا، تاہم عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ ریکارڈ کے مطابق حامد زمان پر ممنوعہ فنڈنگ حاصل کرنےکا الزام ہے، انصاف ٹرسٹ کو منتقل فنڈ کو ٹرسٹ کے لیے استعمال نہ کرنے کا الزام بھی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق فنڈز کا دستاویزی اور ڈیجیٹل ریکارڈ، چیکس کی کاﺅنٹر فائلز ریکور کرنا باقی ہے، اس لیے عدالت 2 روز کا وقت دے رہی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ تفتیشی افسر 10 اکتوبر کو تحقیقات میں پیش رفت پر رپورٹ بھی پیش کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں