وزیراعظم کی آستانہ میں آذربائیجان کے صدر سے ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری،تعلیم، آئی ٹی ،زراعت، توانائی اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سستی توانائی کا حصول ہماری ترجیح ہے جبکہ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کے اصولی مؤقف کو بھی سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نگورنو کاراباغ کے علاقے سے متعلق آذری مؤقف پر پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف ایشیا میں اعتماد سازی کے اقدامات پر ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر قازقستان پہنچے تھے ۔
شہباز شریف آج آستانہ شہر میں سیکا کے چھٹے سربراہی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔خیال رہے کہ سیکا 1992 میں قائم کیا گیا بین الحکومتی ادارہ ہے جس میں ایشیا کے 27 ممالک شامل ہیں، سیکا ایشیا میں امن، سلامتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے پر توجہ رکھتا ہے اور پاکستان سیکا کے بانی ارکان میں سے ایک ہے۔


