حیدرآباد،کے ٹو کی غیر منصفانہ تقسیم ،آٹا چکیوں کا شٹر ڈاؤن
حیدرآباد(انتخاب نیوز)محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے گندم کوٹہ کی غیر منصفانہ تقسیم۔ عوام کو آٹا فراہم کرنے والی آٹا چکیوں کو انتہائی کم سرکاری گندم کوٹا کی فراہمی کے خلاف آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کی 2 روزہ ہڑتال کے پہلے روز جمعرات کو حیدرآباد میں آٹا چکیوں نے شٹر ڈائون ہڑتال کی اور چکیوں پر احتجاجی بینرز آویزاں کیے ۔ آٹے کی سپلائی مکمل بند رکھی گئی جس کے باعث شہریوں کو چکی آٹے کے حصول میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہڑتال کامیاب بنانے پر آٹا چکی مالکان کے بھرپور تعاون پر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد میمن نے چکی مالکان کاشکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر نائب صدر فاروق راٹھور، جنرل سیکرٹری حاجی نجم الدین چوہان، جوائنٹ سیکرٹری فاروق قمر، خازن شفیق قریشی اور اطلاعات سیکرٹری ملک محمد ہارون اور ممبرز آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ اگر محکمہ خوراک سندھ نے گندم کی غیر منصفانہ تقسیم اور عوام کے آٹے کی ضرورت کے مطابق آٹا چکیوں کو سرکاری گندم کوٹے میں خاطر خواہ اضافہ نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔حاجی محمد میمن نے کہاکہ محکمہ خوراک سندھ کے افسران صورتحال کی نزاکت کو سمجھنے اور عوام کو پریشانیوں سے نجات دلانے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
رولر فلور ملز کو زیادہ گندم کوٹا دے کر اور ان سے نمائشی اسٹالز لگواکر محض فوٹو سیشن تک محدود کر دیا گیا ہے۔ شہری رولر فلور ملز کے سستے آٹے کے حصول میں پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے فوڈ گرین گوداموں میں گندم اسٹاک کی انتہائی تشویشناک صورتحال ہے اس جانب فوری توجہ نہ دی گئی تو نومبر کے آخر یا دسمبر کے آغاز میں گندم کا بحران شدت اختیار کرسکتا ہے جس کی ذمہ داری محکمہ خوراک سندھ کے افسران پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے دوسرے روز آج جمعہ کو بھی آٹا چکیاں بند رہیں گی۔


