وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈبلیو ایچ او کے ٹیم لیڈر کیخلاف عالمی ادارے کو خط لکھ دیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن بلوچستان کے ٹیم لیڈر کیخلاف ڈبلیو ایچ او کو خط لکھ دیا جبکہ ڈبلیو ایچ او کے حکام کے مطابق بلوچستان میں پیش آنے والے مسئلے کو حل کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ڈبلیو ایچ او کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ ڈبلیو ایچ او بلوچستان کے ٹیم لیڈر مختار حسین بھائیو کو ناپسندیدہ قرار دے رہے ہیں۔ خط میں ان کا کہنا ہے کہ مختار حسین بھائیو پر اقربا پروری، ہراسمنٹ اور اخلاقی کرپشن کے الزامات ہیں، اس شخص کے باعث صوبے میں پولیو پروگرام شدید متاثر ہوا ہے۔ وزیرِاعلیٰ بلوچستان کے عالمی ادارہ صحت پاکستان کے نمائندے کو لکھے گئے خط میں یہ بھی کہنا ہے کہ اس شخص کے باعث ڈبلیو ایچ او اور بلوچستان حکومت کے درمیان تعاون متاثر ہوا ہے۔ اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں پیش آنے والے مسئلے کو حل کیا جارہا ہے عالمی ادارہ صحت کی ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے یہ بھی کہا ہے کہ کوشش ہے کہ یہ مسئلہ دوستانہ انداز میں حل ہوجائے، حکام کے مطابق بلوچستان میں آخری پولیو کیس قلعہ عبداللہ میں جنوری 2021ءمیں رپورٹ ہوا تھا، جبکہ اس سال اب تک بلوچستان کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں