مسجد اقصیٰ پر یلغار اسرائیل کا خاتمہ ہوگا ، فلسطینی جماعتیں متحد

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی جماعتوں نے الجزائر کی کوششوں سے ہونے والے اتحاد کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں اسرائیل کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔ خبررساںاداروں کے مطابق غزہ میں مزاحمتی دھڑوں کے مشترکہ کنٹرول روم نے خبردار کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف دشمن کے جرائم اور مظالم کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

غزہ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچانے کا نتیجہ اسرائیل کی تباہی کی صورت میں سامنے آئے گا۔ مغربی کنارے، بیت المقدس اور مقبوضہ فلسطین کے اندرونی علاقوں میں فلسطینی عوام قابض دشمن کے خلاف اپنی کارروائیوں میں اضافہ کریں اور ہر محاذ پر خود کو پیش کریں۔ بیت المقدس ، نابلس، جنین، رام اللہ، بیت المقدس، قلقیلیہ میں نوجوانوں کی کارروائیاں قابل فخر ہیں۔

دوسری جانب کویت نے تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قابض ریاست کے تسلط کو ختم کرنے اور فلسطینی عوام کو ان کے حقوق دلوانے کے موقف کا اعادہ کیا۔ اقوام متحدہ میں کویت کے مستقل مندوب محمد صواغ نے جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی کے سامنے استعمارکے خلاف پیش کردہ ایک رپورٹ پر بحث کے دوران کہا کہ فلسطینی قوم بدترین مظالم کا سامنا کررہی ہے۔ صواغ نے مزید کہا کہ قابض اسرائیل کو 1967 ء کے بعد سے زیر قبضہ تمام عرب سرزمین سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنا ہوگا۔ کویت ہر محاذ پر فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں