چمن بارڈر واقعہ پارلمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، رضا ربانی
اسلام آباد:سابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہاہے کہ افغانستان بارڈر صورت حال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے،مشترکہ اجلاس میں فرینڈشپ گیٹ کے واقعے کے حوالے سے خاص طور پر پر بریفنگ دی جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مشترکہ اجلاس میں ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے بارے آگاہ کیا جائے،چمن کے ساتھ افغان سرحد کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ افغانسان کے علاقے سے مسلح مشتبہ افراد کی جانب سے فرینڈ شپ گیٹ پر پاکستانی فورسز پر فائرنگ کی گئی،فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔، رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز فلیگ میٹنگ بے نتیجہ رہی۔ انہوں نے کہاکہ کے پی کے اور بلوچستان میں بھی دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے،ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے پیش رفت بھی واضح نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کے پی کے اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ کے اسباب بتائے جائیں، پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کی تشکیل نو کے قواعد میں ترمیم سے متعلق بتایا جائے۔


