عمران خان کے حکم پرپہلا استعفیٰ خیبر پختونخوا کے رکن اسمبلی نے پیش کردیا
سوات (انتخاب نیوز) خیبر پختونخوا میں عمران خان کے حکم پرپہلا استعفیٰ ایم پی اے گران خان نے پیش کرکے دیگر ممبران اسمبلی پر سبقت حاصل کرلی، سوات کے حلقہ پی کے 4سے منتخب ممبرصوبائی اسمبلی عزیز اللہ گران خان نے پارٹی چیئر کے اعلان پرلبیک کہتے ہوئے اپنا تحریری استعفیٰ سپیکرصوبائی اسمبلی اور وزیراعلیٰ کو ارسال کردیا،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے ساتھ سوات سے تعلق رکھنے والے ممبرصوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 4عزیز اللہ گران خان نے استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیٹ میرے پاس عمران خان اور تحریک انصاف کی امانت تھی اوران کے حکم کے مطابق میں اسمبلی سے مستعفی ہونے کااعلان کرتاہوں، وزیراعلیٰ کے نام استعفیٰ میں انہوں نے کہا کہ میں نے آپ کے ساتھ مل کر پاکستان اورخیبرپختونخوا کی ترقی اورتعمیرکے لئے کام کیا ان چار سالوں میں آپ سے سیکھنے کو بہت کچھ ملا اور تاحیات پارٹی کے منشور کا پابند اورپارٹی کاوفادار رہوں گا، پارٹی کو جب اورجہاں ضرورت ہوگی میں حاضر رہونگاتاہم انہوں نے اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عمران خان وزیراعلیٰ محمودخان کا ادنیٰ سپاہی ہے، اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونا معمولی بات ہے، قیادت کے حکم پر وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔


