دوسروں کو چور کہنے والے خود کرپٹ اقدامات کی وجہ سے نااہل ہو چکے ہیں، شیری رحمان

اسلام آباد(انتخاب نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ قوم نے بھاری قیمت کسی این آر او کی وجہ سے نہیں سابق نااہل اور نالائق حکومت کی وجہ سے چکائی ہے۔ آپ نے چار سال میں تاریخی قرضے لئے، 70 سال میں ملک کے مجموعی قرضاجات 24 ہزار ارب روپے تھے آپ نے چار سال میں 18 ہزار ارب سے زائد قرضے لیکر مجمو عی قرضوں میں 70 فیصد سے زائد اضافہ کیا۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔شیری رحمان نے کہا کہ آپ نے کے پی میں احتساب عدالت پر تالا لگایا، آپ کے دور میں کرپشن انڈیکس میں پاکستان 117 سے 140 نمبر پر آ گیا۔ آپ کس منہ سے کرپشن کی بات کر رہے؟ملک پر دن کی روشنی میں ڈاکا تو آپ نے ڈالا۔ بی آر ٹی، ایل این جی، ادویات، آٹا، چینی، بلین ٹری، مالم جبا اور دیگر کا ذمہ دار کون ہے؟شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آپ کے نام نہاد بیانیے سے لوگ تنگ آ چکے ہیں۔ آپ دوسروں کو چور کہتے ہیں جبکہ خود کرپٹ اقدامات کی وجہ سے نااہل ہو چکے ہیں۔ آپ احتساب کا ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں آپ کے علاوہ سب جوابدہ ہوں۔ لوگ باشعور ہیں، آپ بیانیہ بنا کر "کھیلتے رہے، لوگ آپ کے "کھیل” میں شریک نہی ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں