امریکہ نے ایران کے وزیر داخلہ سمیت 7 اہم شخصیات پر پابندی عائدکردی

امریکا نے ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی پر ’سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی‘ کا الزام لگا کر ان پر پابندی عائد کردی۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واشنگٹن کی جانب سے انقلاب پاسداران ایران (آئی آر جی سی) کے صوبائی کمانڈراور لا انفورسمنٹ فورس (ایل ای ایف) کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت 7 افراد پر بھی پابندی لگادی۔
امریکی حکام نے الزام لگایا کہ متعدد ایرانی کمپنیاں ’توانائی، تعمیرات، ٹیکنالوجی، سروسز اور بینکنگ انڈسٹری میں ملوث ہیں۔
امریکی سیکریٹری خزانہ اسٹیون میوچن کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت جسومانی اور نفسیاتی زیادتیوں کے ذریعے ایرانی عوام کے پرامن احتجاج سمیت پرتشدد دباؤ ڈالتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ امریکا ان تمام عہدیداروں اور ان اداروں کا محاسبہ کرے گا جو اپنے ہی لوگوں پر ظلم اور زیادتی کرتے ہیں۔
اسٹیون میوچن نے کہا کہ ایران کے قانون نافذ کرنے والے فوجی دستوں نے ’مظاہرین پر حکومتی کریک ڈاؤن میں اہم کردار ادا کیا اور جسمانی اور نفسیاتی زیادتیوں سے وابستہ حراستی مراکز چلاتے ہیں۔


