بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں جعلی ڈگری ہولڈر کی تعیناتی کا انکشاف

لورالائی :بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں جعلی ڈگری ہولڈر کی تعیناتی کا انکشاف۔ حال ہی میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کالجز ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں لیکچرر فیزیکل ایجوکیشن تعینات ہونے والے امیدواروں میں جعلی ڈگری ہولڈر کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں فیزیکل ایجوکیشن ژوب ڈویژن کے امیدوار پارالدین کاکڑ نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ سید منظور احمد شاہ ولد سید غریب شاہ رو ل نمبر 6679 ژوب ڈویژن نے ماسٹر فیزیکل ایجوکیشن کی جعلی ڈگری پشاور یونیورسٹی سے حاصل کی اور حقدار امیدواروں کا حق مارا ہے۔ اس کے علاوہ مذکورہ شخص کو کمیشن میں SPET اسکول سائیڈ پر تحریری امتحان میں کامیاب قرار دیا گیا ہے جو کہ ایک لمحہ فکر ہے۔جسکے بارے میں امیدواروں نے کئی بار کمیشن کو آگاہ بھی کیا ہے لیکن کمیشن کے نمائندوں نے کہا کہ ان کے پاس جعلی ڈگری کو کنفرم کرنے کا کوئی سسٹم موجود نہیں۔ بلوچستان پبلک سروس کمیشن غریب اور قابل امیدواروں کے لئے امید کی آخری کرن ہے۔اگر اس طرح بوگس ڈگری ہولڈر حقیقی امیدواروں کا حق مارتے رہے تو مستقبل قریب میں امیدواروں کا کمیشن سے اعتبار اٹھ جائے گا اور مختلف اداروں پر ایک ناجائز گروہ قابض ہو جائے گا۔ حکام بالا (ڈائریکٹر کالجز و سکولز اور سیکریٹری کالجز و سکولز، چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن) سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ایسے عناصر کی چھان بین کر کے مکمل انکوائری کی جائے اور حقائق سامنے لائے جائیں۔کمیشن میں ایسا سسٹم متعارف کرایا جائے جس سے جعلی ڈگریوں کی تصدیق ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں