طورخم بارڈر سے پاکستان میں داخل ہونیوالے 3 افغان باشندوں سے بھاری منشیات برآمد
طورخم(انتخاب نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے نے افغانستان سے طورخم بارڈر کے راستے پاکستان پہنچنے والے 3 افغان باشندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہیروئین آئس اور دیگر منشیات برآمد کر لی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) نے طورخم بارڈر پر چھاپا مار کر افغانستان سے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق طورخم بارڈر پر چھاپا مار کارروائی کے دوران افغانستان سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔حکام کے مطابق اے این ایف اور ایف سی نے طورخم بارڈر پر مشترکہ آپریشن کیا، جس میں 3 افغان باشندوں سے36 کلو 500 گرام آئس، 8 کلو 580 گرام مشکوک مواد اور 7 کلو ہیروئن برآمدہوئی۔اے این ایف کی دوسری کارروائی میں کراچی میں نجی کوریئر آفس میں 2 مختلف چھاپوں کے دوران لندن بھیجنے کے لیے تیار پارسلز میں موجود جیکٹس سے 230 گرام مشکوک مواد برآمد ہوا۔ایک اور کارروائی میں دبئی بھیجنے کے لیے تیار پارسل سے 10 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ منشیات واسکٹ میں چھپائی گئی تھی۔اے این ایف نے ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔


