عمران خان پاکستان کی نہیں کسی اور کی ترجمانی کررہے ہیں، شیری رحمان

اسلام آباد(انتخاب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہاہے کہ عمران خان پاکستان کی نہیں کسی اور کی ترجمان کررہے ہیں ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوںنے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی 8 ماہ کی سفارتی کامیابیوں کا عمران خان کے 4 سال کی سفارتی تنہائی سے کوئی موازنہ نہیں، یہ ملک کو سفارتی دلدل میں ڈال کر گئے تھے، جس شخص کے دور حکومت میں پاکستان خارجہ تنہائی کا شکار ہوئی ہو وہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو خارجہ امور پر بھاشن دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پاکستان، افغانستان خارجی امور اور دہشت گردی متعلق بیان قابل مذمت ہے، بطور سابق وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان کی نہیں بلکہ کسی اور کی ترجمانی کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کو خطے کے سکیورٹی معاملات اور تاریخ کا اتنا ہی علم ہے جتنا ان کو جرمنی اور جاپان کی جغرافیہ کا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی بہادر پولیس کی بھی دل آزاری کی ، ہماری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف صف اول میں کھڑے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پولیس ہماری دفاع کی پہلی لائن ہے، افسوس ہے پولیس کی حوصلہ افزائی کے بجائے عمران خان ان کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں