سوڈان کے معزول صدرعمرالبشیر کروناکے بعد جیل سے اسپتال منتقل

خرطوم:سوڈان کے معزول صدر عمر حسن البشیر کو کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد جیل سے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوڈان کے ایک میڈیا ادارے دابانجا نے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے سے بتایا کہ عمر البشیر کے ساتھ جیل میں قید سابق سات اعلیٰ عہدے داروں کو بھی خرطوم میں ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ ان سب میں بھی کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور تین میں ان کی تصدیق ہوچکی ہے۔دابانجا کے مطابق ان تمام افراد کو اپریل 2019ء میں عمر البشیر کی معزولی کے وقت گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ تب سے جیل میں ہیں۔ ان میں تین دائمی امراض کا شکار ہیں، تین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ عمر البشیر اور ان کے ایک ساتھی میں کووِڈ19 کی علامات پائی گئی ہیں لیکن ابھی ان کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔اس خبری ذریعے نے لکھا کہ پبلک پراسیکیوٹر نے بدھ کو ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ سابق وزیر مملکت برائے انسانی امور اور سابق گورنر صوبہ شمالی کردوفان احمد ہارون، سابق وزیر داخلہ،دفاع اور خرطوم کے سابق گورنر عبدالرحیم حسین اور سابق وزیر خارجہ اور نائب صدر اول علی عثمان طہٰ کا کووِڈ-19 کا علاج کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں