پنجگور بارڈر ای ٹیگ سسٹم میں اقربا پروری، رشوت اور اثرورسوخ کی بنیاد پر لوگوں کو اسٹیکر کا اجرا
پنجگور (نامہ نگار) ای ٹیگ سسٹم میں بڑے پیمانے پر اقربا پروری اور بے قاعدگیوں کا انکشاف۔ ذرائع کے مطابق پنجگور بارڈرز جانے والی گاڑیوں کے ای ٹیگ سسٹم میں بڑے پیمانے پر اقربا پروری اور بے قاعدگیاں سامنے آرہے ہیں بہت سے لوگوں کا نمبر دو دو مہینوں تک نہیں آتا جبکہ اثر و رسوخ کی بنیادوں پر پیکج کے تحت لوگوں کو بارڈرز جانے دیا جارہاہے پہلے جب ڈیجیٹل سیٹلائٹ سسٹم کے تحت لوگوں کو بروقت میسج اور بارڈر پر جانے کے میسج بروقت مل رہے تھے تو موجودہ سیٹ اپ نے ای ٹیگ سسٹم میں بہتری لانے کے نام پر ڈیجیٹل سسٹم کو ختم کرکے من مانیاں شروع کرکے غریب لوگوں کی حق تلفی شروع کردی ہے ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جب سے چیدگی بارڈر پوائنٹ دوبارہ کھلا ہے اس کا نام ایک بار بھی نہیں آیا حالانکہ اس نے نام لسٹ میں نہ آنے کا تحریری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا ہے مگر تاحال اس جیسے درجنوں افراد کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کا پرانا ای ٹیگ ایف سی کے دور کا ہے مگر اس کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ رقومات لیکر پیکج کے تحت لوگوں کو بغیر ٹائم بارڈر جانے دے کر اصل حقداروں کی حق تلفی کی جارہی ہے۔ متاثرین نے کمشنر مکران اور دیگر ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ دوسری جانب بارڈرز جانے والے گاڑیوں سے لیویز فورس اور اس کی ملی بھگت سے بھتہ گیری عروج پر پہنچ چکا ہے۔


