شیخ رشید پی ٹی آئی حکومت میں بلوچوں کیخلاف اناپ شناپ بکتے تھے، آغا حسن بلوچ
کوئٹہ، اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی و مرکزی سیکرٹری اطلاعات بی این پی آغا حسن بلوچ نے پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف مزاحمت کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان گرفتاری سے اتنے خائف ہیں کہ اپنے سیاسی ورکرز کے جان و مال کی انکو کوئی پرواہ نہیں۔ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ اگر عمران خان بے گناہ ہوتے تو جیل جانے میں کیا قباحت تھی؟ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم کی مخلوط حکومت نے جس طرح صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور سیاسی کارکنوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کیا یہ قابل ستائش ہے۔وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ اگر ماضی کے حکمران بلوچستان میں ایسا رویہ اختیار کرتے تو یقینا وہاں کے لوگوں کی مشکلات میں اس قدر اضافہ نہ ہوتا۔وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ شیخ رشید جو تحریک انصاف کی حکومت میں بلوچ قبائل کے خلاف اناپ شناپ بکتے تھے گزشتہ چند دنوں سے دور دور تک دکھائی نہیں دے رہے اور خموش رہ کر نہ صرف جان کی امان پائی بلکہ ثابت کیا وہ بھی بڑا بہادر شخص ہے۔


