عمران خان ایک دہشت گرد تنظیم کے سربراہ بن چکے ہیں، راجہ ریاض احمد

فیصل آباد:قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمدنے کہا ہے کہ عمران خان ایک دہشت گرد تنظیم کے سربراہ بن چکے ہیں لہذاپی ٹی آئی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلاکر انہیں فوری چیئرمین کے عہدہ سے ہٹایا جا ئے وگرنہ ان کا طرز عمل اور ریاستی اداروں پر حملے خدانخواستہ ملک کو کسی بڑے سانحہ سے دوچار کرسکتے ہیں۔پیر کی سہ پہر اپنی رہائش گاہ راجے والا فیصل آباد پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تبدیلی کا نعرہ لیکر میدان میں آئی اور اس کے منشور میں ایک کروڑنوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر سمیت دلکش نعرے درج تھے مگر عمران خان نے حکومت جانے کے بعد سیاسی میدان میں حالات کا مقابلہ کرنے کی بجائے ملک و قوم کو خانہ جنگی کی دلدل میں دھکیلتے ہوئے سادہ لوح عوام کو اپنے ہی اداروں کے مقابل لاکھڑا کیا یہی نہیں بلکہ ہمارے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں پر جو ہمارے ہی بھائی اور بیٹے ہیں دہشت گردانہ حملے کروائے گئے جس سے پی ٹی آئی کے قیام کا اصل مقصد فوت ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ شاہ محمود قریشی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فوری طور پر اجلاس بلائیں اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو ان کے عہدہ سے ہٹایا جائے کیونکہ اب وہ جس جماعت کی سربراہی کر رہے ہیں وہ دہشت اور عسکری گروپ بن چکا ہے لہذاتحریک انصاف کے محب وطن اور سنجیدہ قائدین وبانی ممبران پر مشتمل نیا انتخاب کرواکرنیا چیئرمین منتخب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ذاتی مفاد کی خاطردہشت گردی کا سہارا لیا جارہا ہے اسلئے وہ زمان پارک والوں کے حق میں آواز نہیں اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فرح گوگی،بزداراور بشری بی بی کی اربوں روپے کی کرپشن پر ان کی پشت پناہی کرنے،پولیس پر پٹرول بم پھینکنے،پولیس کے افسران و جوانوں کو زخمی کرنے،سرکاری گاڑیوں کو آگ لگانے، پولیس والوں پر کلاشنکوفوں سے حملے کرنے اورملک کا اربوں روپے کانقصان کرنے والوں کے خلاف سخت ترین و عبرتناک کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا فرض ہے کہ وہ تحریک انصاف کو دہشت گرد تنظیم سے الگ کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی تحریک انصاف کا حصہ ہیں اور انہیں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی و کارکنوں اور عوام سے ہمدردی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پرسرکاری اہلکاروں پرشیلنگ، فائرنگ او پتھرا کروایا گیا جبکہ اس اقدام سے افرا تفری پیدا کرتے ہوئے ملک کا اربوں کانقصان کیا گیا اور معیشت تباہ کردی گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف جبکہ یہ مسلسل تکلیف دینا چاہتا ہے لہذا وہ حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ مہنگائی کے ستائے عوام کو مزید ریلیف دیا جائے،رمضان پیکیج کے تحت آٹے کے مفت تین تھیلوں کی تعداد بڑھا کر چھ کی جائے اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں عوام کو لوٹنے والے ذخیرہ اندوزوں کے گوداموں پر چھاپے مارے جائیں اور ناجائز منافع کمانے کیلئے ذخیرہ کیا گیا مال برآمد کرکے ضبط کیا جا ئے۔راجہ ریاض احمد نے کہا کہ عمران خان نے اداروں پر حملوں کی انتہائی گھٹیا مثال قائم کی ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم سے بھی مطالبہ کیاکہ رمضان المبارک کی آمد کے باعث شہریوں کو بجلی، گیس اور پٹرول پر بھی ریلیف دیا جا ئے

اپنا تبصرہ بھیجیں