تربت میں 18 گھنٹے بجلی کی بندش کیخلاف عوام سراپا احتجاج، شاہراہ پر دھرنا
تربت (آن لائن) تحصیل تمپ میں 18 گھنٹوں کی بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام سراپا احتجاج سڑکوں پر نکل آئے، عوام کی جانب سے کیسکو کے (18) گھنٹوں کی لوڈشیدنگ کیخلاف احتجاجی ریلی نکال کر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کیسکو مکران سرکل کے ایس ای اور ایکسیئن کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے رہے، ریلی تمپ کی مختلف گلی کوچوں سے ہوتی ہوئی مند ٹو تربت مین روڈ تمپ شہر کے کراس پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے۔ تربت ٹو مند مین روڈ کو چھ گھنٹے تک عام ٹریفک کیلئے بند کردیاگیا۔ مظاہرین نے کہا کہ مبینہ نااہل کیسکو کے ایکسیئن نے بذریعہ فون تحصیل تمپ کے تینوں فیڈرز کی لوڈشیڈنگ کو اٹھارہ(18) گھنٹوں میں بڑھا دیا ہے جس سے گرمی اور رمضان میں لوگ مشکلات سے دو چار ہیں جبکہ احتجاجی ریلی کے شرکاءسے میونسپل کمیٹی تمپ کے چیئرمین امین قریش اور وائس چیئرمین مسلم یعقوب، بی این پی مینگل کے سابق تحصیل صدر ماسٹر محمد خان گچکی،کونسلر مسعود جلیس،واجہ عبدالحق ہوت نے کامیاب مزاکرات کرکے ٹریفک کیلئے راستہ بحال کیا گیا اور شرکاءکے مطالبات کو کیسکو کے متعلقہ حکام تک پہنچانے اور مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کی۔