پنجگور، یوٹیلیٹی اسٹوروں پر متعدد اشیا کی عدم دستیابی، شہری بازار سے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور

پنجگور (انتخاب نیوز) پنجگور کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاءخورونوش کی قلت برقرار۔ آٹا، کوکنگ آئل، چھولے، کھجور سمیت متعدد اشیاءدستیاب نہیں۔ حکومت نے رمضان المبارک کے مہینے میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان پیکج کے تحت لوگوں کو ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا مگر رمضان المبارک کے مہینے کو چار روز گزرنے کے باوجود پنجگور کے تینوں یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا، اچھے کوالٹی کے ڈالڈا گھی، کوکنگ آئل، چھولے اور کھجوریں تاحال دستیاب نہیں۔ دوسری جانب لوگ بازار میں مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز خضدار ریجن کی عدم توجہ اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے پنجگور کے شہری آٹا، ڈالڈا گھی، کوکنگ آئل چھولے سمیت کھجور سے محروم ہیں۔ شہریوں نے اپیل کی ہے کہ پنجگور کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان المبارک کے مہینے میں استعمال ہونے والی اشیاءخورونوش کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں