کوئٹہ کسٹم کی کارروائی، اسمگلروں سے فائرنگ اور پتھراﺅ کے بعد 10 کروڑ مالیت کا غیر ملکی سامان پکڑ لیا
کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ کسٹم انٹیلی جنس کے عملے نے بلیلی کے علاقے میں فائرنگ اور پتھراﺅ کے بعد 10 کروڑ روپے مالیت کا غیر ملکی سامان ٹائرز، سگریٹ، ویلڈنگ راڈ، پرفیوم، کاسمیٹکس، غیر ملکی ادویات قبضے میں لے لیں، گزشتہ چند ماہ میں ایک ارب 88 کروڑ روپے مالیت کا سامان قبضے میں لے کر کیسز کئے گئے جبکہ مارچ کے مہینے میں 42 کروڑ روپے کا سامان ضبط کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس فیض احمد چدھڑ کی واضح ہدایت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سخت پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی بلوچستان چوہدری محمد جاوید کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس فہد بشیر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور انسپکٹر حامد حبیب نے دیگر عملے کے ہمراہ گزشتہ روز بلیلی کے علاقے میں ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا جس پر انکے دیگر ساتھیوں نے کسٹم موبائل پر پتھراﺅکیا اور فائرنگ کی جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا اور روڈ بلا کر کے کارروائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کی کسٹم انٹیلی جنس کے عملے نے گاڑی تحویل میں لے لی جس میں غیر ملکی ٹائر سگریٹ ویلڈنگ راڈ ، پرفیوم ،کاسمیٹکس ، چائے کی پتی ، غیر ملکی ادویات قبضے میں لے لی جن کی مالیت 10کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ، ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس چوہدری محمد جاوید کا کہنا ہے کہ کسٹم انٹیلی جنس نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے غیر ملکی سامان قبضے میں لیا ہے، مارچ کے مہینے میں 42 کروڑ روپے کا سامان جبکہ چند ماہ میں 1 ارب 88 کروڑ روپے مالیت کے کیسز کئے ہیں جبکہ گزشتہ برس اس عرصے میں ایک ارب 83 کروڑ روپے کے کیسز کئے تھے کسٹم کی یہ کارروائیاں تواتر کیساتھ جاری رہیں گی تاکہ اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔


