سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی کوئی ہدایت نہیں کی، انتخابات 14 مئی کو ہی ہوں گے، سپریم کورٹ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) ملک میں عام انتخابات ایک ہی دن کرانے کے کیس میں سپریم کورٹ نے 27 اپریل کو ہونے والی سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے تین صحفات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطوں سے آگاہ کیا، فاروق نائیک نے چیئرمین سینیٹ کے کردارسے عدالت کو آگاہ کیا۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی کوئی ہدایت نہیں کی، سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذاکرات ان کی اپنی کوشش ہے، سپریم کورٹ کا 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم برقرار ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ عدالت مذاکرات پر مجبور نہیں کرسکتی صرف آئین پر عمل چاہتی ہے، سیاسی جماعتیں آئین کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کا کوئی حکم نہیں صرف تجویز ہے، قومی مفاد اور آئین کے تحفظ کے لیے اتفاق نہ ہوا تو جیسا ہے ویسا ہی چلے گا۔ اس کے بعد حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے تین ادوار ہوئے۔ ان مذاکرات پر یہ اتفاق تو ہوگیا کہ ملک بھر میں ایک ہی دن الیکشن ہونا چاہیے تاہم الیکشن کی تاریخ پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔ تحریک انصاف نے مذاکرات کے حوالے سے رپورٹ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں جمع کرادی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ میں اس کیس کی سماعت جمعے کو صبح ساڑھے 11 بجے مقرر کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں