سمندری طوفان بپرجوائے کیٹیگری 3 کی شدت اختیار کر گیا،ساحلی علاقوں میں تیز بارش شروع
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈائریکٹر ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر زبیر صدیقی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے اس وقت کیٹیگری 3 کی شدت رکھتا ہے۔ ڈائریکٹر ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر زبیر صدیقی نے بتایا کہ اس شدت کے طوفان کے مرکز میں 118 سے 165 کی رفتار سے ہوائیں چلتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ کل تک اس کی شدت کم ہونے کی امید کر رہے ہیں، لینڈ فال سے قبل اس کی شدت کم ہوئی تو کیٹیگری 2 میں چلا جائے گا۔زبیر صدیقی نے بتایا کہ کیٹیگری 2 کی شدت والے سمندری طوفان کے اثرات کم ہونے میں 2 دن لگتے ہیں، بھارتی گجرات کے ساحلی علاقوں میں لینڈ فال کے وقت لہریں 30 سے 35 فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کیٹی بندر، بدین اور اطراف کے ساحلی علاقوں میں 15 سے 18 اور 20 فٹ لہریں بلند ہو سکتی ہیں، جبکہ کراچی میں 10 سے 12 فٹ اونچی لہریں بلند ہو سکتی ہیں۔ڈائریکٹر ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث کراچی میں سمندر کے قریب بسے گوٹھوں کو خطرات ہیں، البتہ ڈی ایچ اے اور کلفٹن میں نقصان کا اندیشہ نہیں۔انہوں نے مزید بتایا ہے کہ کراچی میں آج وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے، بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جمعے اور ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔زبیر صدیقی نے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں کی چھتوں پر لگے سولر پینل اگر مضبوط لوہے کے فریم میں نہیں تو انہیں مضبوط کیا جائے۔دوسری جانب سمندری طوفان بپرجوائے کے اثرات کے تحت ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر میں اچانک ایک بار پھر موسم تبدیل ہو گیا اور تیز بارش شروع ہو گئی۔کیٹی بندر سے متصل گاؤں گلوجاموٹ سے اب تک لوگوں کو نہیں نکلا جا سکا، وہاں کے مکینوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہمیں نقل مکانی کے لیے گاڑیاں نہیں دی گئیں۔کیٹی بندر پر سمندر میں شدید طغیانی ہے، تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔شہر کے حفاظتی بند پر دباؤ بڑھنے لگا، طوفان کا فاصلہ کیٹی بندر سے 275 کلو میٹر دور رہ گیا، سمندری طوفان کل کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔سندھ اور بلوچستان کے ساحل پر سمندری طوفان بپرجوائے کے اثرات نظر آنے لگے، سمندر بپھرنے لگا، لہروں کا سائز بھی بڑھ گیا۔طوفان کے مرکز و اطراف میں 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ہواؤں کے جھکڑ چل رہے ہیں۔


