پاکستان آئی ایم ایف سے قرض لینے والا چوتھا بڑا ملک بننے کے قریب
آئی ایم ایف سے قرض لینے والے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ارجنٹینا، مصر دوسرے اور یوکرین تیسرے نمبر پر موجود ہے
اسلام آباد(صباح نیوز) عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)سے حالیہ معاہدے کے تحت 3 ارب ڈالر کے قرضوں کی وصولی کے بعد پاکستان آئی ایم ایف سے قرض لینے والا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا۔آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 31 مارچ 2023 کو پاکستان کا شمار آئی ایم ایف سے سب سے زیادہ قرض لینے والے ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پر کیا گیا تھا۔گزشتہ دنوں اسٹینڈ بائے اریجمنٹ کے تحت آئندہ 9ماہ میں مزید 3ارب ڈالر کا قرض وصول کرنے کے بعد پاکستان ان ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آجائے گا۔آئی ایم ایف سے قرض لینے والے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ارجنٹینا موجود ہے جو اب تک 46ارب ڈالر کا قرض وصول کرچکی ہے۔ مصر 18ارب ڈالر کے قرض کی وصولی کے ساتھ دوسرے اور یوکرین 12.2ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔فہرست میں چوتھا نمبر ایکواڈور کا ہے جسے آئی ایم ایف کی طرف سے 8.2ارب ڈالر قرض دیا جاچکا ہے۔ اب تک کی فہرست میں 7.4ارب ڈالرز قرض وصولی کے ساتھ پانچویں نمبر پر پاکستان موجود ہے۔آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کے تحت 3ارب ڈالر قرض لینے کے بعد پاکستان ایکواڈور کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔ اس معاہدے کے بعد پاکستان دنیا بھر کے ممالک میں آئی ایم ایف سے قرض لینے والا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا۔


