ناکام PTI کھلاڑیوں سے عوام دشمن بجٹ کی توقع تھی، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے ناکام کھلاڑیوں سے عوام دشمن بجٹ کی ہی توقع تھی۔

پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے آج پیش کیے گئے وفاقی بجٹ پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایک بیان کے ذریعے اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ غریب عوام پر ظلم کے علاوہ کچھ نہیں ہے، بجٹ میں سرمایہ داروں کو ریلیف اور غریب کو صرف تسلی دی گئی ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سال بھر کی زیرو کارکردگی کے مطابق ہی حکومت نے صفر بٹہ صفر بجٹ دیا ہے، ملک بحرانوں کا شکار ہے اور حکومت چین کی بانسری بجا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں مسائل اور درپیش بحرانوں سے نمٹنے کی قطعی صلاحیت نہیں ہے، ایک کروڑ ملازمتیں اور 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے والی حکومت لوگوں سے ان کا روزگار چھین رہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ بجٹ میں عام عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کو بھی پی ٹی آئی نے کچھ نہیں دیا، بجٹ میں مزدوروں اور کسانوں سمیت معیشت کی بہتری کے لیے کچھ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں