انتخابات کی ضمانت مانگنا آئی ایم ایف کو پاکستانی سیاست میں مداخلت کی دعوت ہے، حافظ حمداللہ
اسلام آباد (آن لائن) پی ڈی ایم ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی آئی کا آئی ایم ایف سے ملک میں انتخابات کے انعقاد کی ضمانت مانگنا ملکی سیاست میں آئی ایم ایف کو مداخلت کی دعوت ہے جس کی پی ڈی ایم شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان پی ڈی ایم نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو نہیں معلوم کہ ملک میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے آئی ایم ایف کا نہیں۔ کل تک اپنے جلسوں میں بیرونی مداخلت کا ڈھونگ رچاکر قوم کو بے وقوف بنانے والے آج مداخلت کی دعوت دے کر عمران نیازی کس کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ حافظ حمد اللہ نے کہا یہ وہ منافقت ہے جس کا پردہ ہم دس سال پہلے چاک چکے ہیں۔ امریکہ کے بعد آئی ایم ایف سے مداخلت کی بھیک مانگنا، کیا یہ ہے جہاد ؟ کیا یہ ہے حقیقی آزادی ؟۔آئی ایم ایف کو بریفنگ وہ شوکت ترین دے رہاہے جو دو صوبوں کے وزرا خزانہ کو معاہدہ سبوتاژ کرنے کی ہدایات دے رہے ہوتے تھے۔ حافظ حمد اللہ کا کہناتھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، قادریونیورسٹی کیسز میں مطلوب ہے، تلاشی دینی ہوگی۔ سب سے بڑھ کر مبینہ طور پرتم سانحہ9مئی کا ماسٹر مائنڈ ہو اس میں بھی جواب دینا ہوگا۔


