تربت میں مبینہ خودکش لڑکی کی موجودگی، سی ٹی ڈی نے الرٹ جاری کردیا
تربت (انتخاب نیوز) تربت میں مبینہ خودکش خاتون کی موجودگی کی اطلاع، سی ٹی ڈی نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تربت کے علاقے سیٹلائٹ ٹاﺅن میں عائشہ مسجد کے قریب دو دن قبل ایک برقعہ پوش آٹھ سے دس سالہ مشتبہ لڑکی دیکھی گئی تھی جس کے متعلق مبینہ طور پر ایک ممکنہ خودکش حملہ آور کا گمان کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل تصویر میں ایک چھوٹی لڑکی ہیٹ پہنے کمر پر بیگ لیے مسجد کے قریب نظر آرہی ہے، جسے مبینہ طور پر ایک ممکنہ خودکش حملہ آور کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ لڑکی کو دو دن قبل اس مقام پر دیکھا گیا جس کے بعد وہ دوبارہ کہیں نظر نہ آئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس لڑکی کی تصویر کو مکران کے تینوں اضلاع پنجگور، کیچ اور گوادر میں سی ٹی ڈی کو ارسال کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے مذکورہ لڑکی کو تلاش کررہے ہیں لیکن تاحال انہیں اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔


