وزیراعظم مفت آٹا اسکیم کے تحت 98 کروڑ روپے منظور، فراہمی یوٹیلیٹی اسٹوروں سے ہوگی
اسلام آباد (صباح نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ مالی سال کے دوران رمضان المبارک میں وزیراعظم مفت آٹا سکیم کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے مفت آٹا کی فراہمی کے لئے 985.43 ملین روپے کی منظوری دیدی۔ بدھ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضی محمود، وزیراعظم کے رابطہ کار برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے گزشتہ مالی سال کے دوران وزیراعظم مفت آٹا اسکیم کے تحت یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے مستحق شہریوں کو مفت آٹا فراہمی کے حوالے سے سمری پیش کی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اس مقصد کیلئے 985.43 ملین روپے کی منظوری دیدی۔ اس سکیم کا آغاز 18 مارچ 2023ءکو کیا گیا تھا اور یہ اسکیم 16 اپریل 2023 ءتک جاری رہی۔


