لیبیا، انسانی سمگلرز کے ٹھکانوں پر چھاپے، 385پاکستانی بازیاب

واشنگٹن/اسلام آباد/طرابلس(این این آئی)مشرقی لیبیا میں سکیورٹی حکام نے انسانی سمگلروں کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر کم از کم 385 پاکستانی تارکین وطن کو بازیاب کروالیا۔امریکی میڈیا کے مطابق مہاجرین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ العبرین نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کو پیر کی صبح مشرقی لیبیا کے شہر تبروک سے تقریباً 5میل دور جنوب میں الخیر کے علاقے میں سمگلروں کے ٹھکانوں سے بازیاب کر کے رہا کیا گیا۔العبرین کے مطابق بازیاب کرائے جانے والے تارکین وطن میں بچے بھی شامل تھے۔العبرین کے ایک کارکن ایسریوا صلاح نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی تارکین وطن یورپ جانے کے ارادے سے لیبیا پہنچے تھے لیکن انہیں سمگلروں نے اغوا کر لیا اور ان کی رہائی کے لیے تاوان کا مطالبہ کیا۔لیبیا افریقہ اور مشرق وسطی سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹ ہے۔یاد رہے کہ رواں سال جون میں ایک بحری جہاز جو لیبیا سے تقریباً 350پاکستانیوں سمیت 700تارکین وطن کو لے کر روانہ ہوا تھا یونان کے ساحل پر ڈوب گیا تھا جبکہ حادثے میں 12پاکستانیوں سمیت صرف 104افراد کو بچایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں