عمران خان کی گرفتاری پرشوبز شخصیات بھی میدان میں آگئیں

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین، سابق کرکٹر اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد شوبز شخصیات نے بھی اپنا موقف پیش کردیا۔توشہ خانہ کیس میں کرکٹر کی گرفتاری عمل میں لانےکے بعد جہاں ہر جانب ایک افراتفری کا سا ماحول دیکھنے کو ملا وہیں لوگوں نے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔حریم شاہ، ارمینہ خان، ماڈل ایان علی کے بعد اب پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ دیگر لوگوں نے بھی لب کشائی کردی۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستانی اداکار بلال قریشی نے اسٹوری اپڈیٹ کرتے ہوئے خان کی حمایت میں لکھا کہ ’ایک گھڑی چرائی بھی نہیں اور سزا بھی مل گئی، لیکن جنہوں نے 30 سالوں سے اس ملک کا وقت چرایا کیا انکے لیے کوئی سزا ہے؟’دوسری جانب پاکستانی اداکارہ حنا خواجہ بیات نے 5 اگست کو سیاہ دن قرار دیتے ہوئے ہیش ٹیگ کا استعمال کیا اور شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے لکھا کہ ’قانون اندھا ہے یہ تو سنا تھا، لیکن یہ گونگا، بہرا، بے حس اور بے وزن کیسے ہوگیا؟۔’صرف یہی نہیں پاکستانی خوبرو اداکارہ نازش جہانگیر جو معتدد بار اپنے بیانات اور انٹرویوز میں پی ٹی آئی کو سپورٹ کرتی نظر آئی تھیں عمران خان کی حمایت میں سامنے آگئیں۔اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی جس میں انکا کہنا تھا کہ ’یہ مت پوچھو کہ آپ کا ملک آپ کے لیے کیا کر سکتا ہے، بلکہ آپ اپنے ملک کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔’ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجدار ی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سربراہ تحریکِ انصاف کو 3 سال قید کی سزااور 1 لاکھ جرمانہ عائد کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں