سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، بیس لاکھ سے زائد نشہ آور گولیاں برآمد
ریاض (این این آئی) سعودی عرب میں پولیس اور انسداد منشیات حکام نے بیرون ملک سے لائی گئی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے بیس لاکھ سے زائد نشہ آور گولیاں قبضے میں لے لیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جدہ اسلامی بندرگاہ پر سعودی زکوة، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے کیپٹاگون کی 2,242,560 گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے انہیں قبضے میں لے لیا۔ یہ منشیات بندرگاہ کے ذریعے مملکت میں آنے والی ایک کھیپ میں چھپائی گئی تھی۔کسٹمزاتھارٹی نے بتایا کہ مٹھائی کی ایک کھیپ موصول ہوئی تھی جس میں "بکلاوا” پیسٹری بھی تھی۔ اس کی جانچ کے لیے کسٹم حکام نے جدید طریقہ اپنایا تو اسکیننگ کے دوران پتا چلا کہ بکلاوا پیسٹری کی تہوں میں منشیات کی گولیاں چھپائی گئی تھیں۔کسٹمز اتھارٹی نے بتایا کہ ضبطی کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد، منشیات کے کنٹرول کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا تاکہ مملکت کے اندر قبضے کے وصول کنندگان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔ منشیات ضبط کرنے کے بعد دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کا تعلق اس کھیپ سے بتایا جاتا ہے اور وہ مبینہ طور پر منشیات کے دھندے میں ملوث ہیں۔زکوة، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ وہ مملکت کی درآمدات اور برآمدات پر کسٹم کنٹرول کو سخت کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔


